• news

گوجرہ: ایم حمزہ کا بیٹا اسامہ ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

گوجرہ(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر و سابق چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی اور بزرگ سیاستدان ایم حمزہ کے بیٹے نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر ایم حمزہ کے بیٹے اسامہ حمزہ نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ان کے ہمراہ ان کے دیگر دو ساتھیوں سابق تحصیل ناظم گوجرہ اسد زمان چیمہ، آصف احسان گجر نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تینوں افراد نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے آزادی مارچ دھرنا میں عمران خان سے ایک تفصیلی ملاقات کے بعد کنٹینر پر عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ محمد اسامہ حمزہ نے حالیہ جنرل الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 92سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پارٹی کی طرف سے ان کو ٹکٹ نہ ملا تو انہوں نے اپنے پینل کے ہمراہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے حصول کے لئے ایم حمزہ نے اپنے بیٹے اسامہ حمزہ کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا یا لیکن حلقہ این اے 92کا ٹکٹ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی سفارش پر سابق تحصیل ناظم گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ خالد جاوید وڑائچ کو دے دیا گیا جس کے بعد الیکشن میں خالد جاوید وڑائچ نے اکانوے ہزار نو صد تین(91903)ووٹ حاصل کرکے انتخاب جیت لیا جبکہ ان کے مد مقابل سینیٹر ایم حمزہ کے صاحبزادے آزاد امیدوار اسامہ حمزہ نے گھڑے کے انتخابی نشان پر 61961 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ سینیٹر ایم حمزہ کے بیٹے اسامہ حمزہ اپنے والد کی جانب سے پارٹی میں طویل سیاسی سفر کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حلقہ این اے 92کا ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے بہت زیادہ خفا بھی تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
تحریک انصاف میں شامل

ای پیپر-دی نیشن