چودھری برادران کی سازشیں ناکام ہو چکیں، چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند ہو گئے: زعیم قادری
لاہور (خصوصی رپورٹر) ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ ’’چودھری برادران‘‘ کی سازشیں ناکام ہو چکیں، چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔ ’’چودھری برادران‘‘ سیاسی لحاظ سے استعمال شدہ کارتوس ہیں جنہیں ایک سے زائد مرتبہ عوام عام انتخابات میں مسترد کر چکے ہیں لیکن اب وہ دھرنے والوں کے کاندھے استعمال کر کے دوبارہ سیاسی طور پر زندہ ہونے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جس میں انہیں کامیابی نہیں ہو گی اور کسی طور پر بھی دھرنا سیاست نہیں چلے گی۔ محلاتی سازشیں کرنے کا دور گزر چکا۔ خود کو ملک کا خیرخواہ کہلانے والے پاکستان کے عالمی امیج کو متاثر کر رہے ہیں۔ کاش کہ دھرنے پر خرچ ہونے والے ا ربوں روپے سیلاب زدگان کی امداد پر صرف کیے جاتے۔