عمران ملک میں خلافت راشدہ کا اعلان کریں انکا سپاہی بن جائوں گا: طاہر اشرفی
شاہکوٹ (نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے عمران خان ملک میں خلافت راشدہ کا اعلان کریں انکا سپاہی بن جائوں گا۔ علماء کونسل آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، علماء کونسل ایک نظریے اور تحریک کا نام ہے۔ علماء کونسل پاکستان کو مدینہ منورہ طرز کی ریاست بنا کر دم لے گی۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اگر ریڑھی بانوں اور ٹھیلے والوں کو اسمبلیوں تک پہنچا سکتے ہیں تو ہم منبر و محراب کے وارثوں کو کیوں پارلیمنٹ میں نہیں لا سکتے ہمیں ڈنمارک اور کینیڈا والا نظام نہیں بلکہ محمد عربیؐ کا نظام چاہئے۔ میاں نواز شریف دھرنے والوں کی فرمائش پر ہرگز استعفیٰ نہیں دیں گے، وزارت داخلہ قادری کا نام ای سی ایل میں ڈالے اور پولیس پی ٹی وی، پارلیمنٹ پر حملے اور بھیرہ میں سکیورٹی اہلکاروں کے قتل کے جرم میں قادری کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’پیام امن کنونشن،، کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔