انتخابی مواد الیکشن کمشن کی حفاظت میں رہے گا، قوانین میں مجوزہ ترمیم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے اہم انتخابی قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے۔ ترامیم کا فیصلہ مئی 2013ء کے انتخابات میں شکایات کے باعث کیا گیا۔ نتخابی مواد ریٹرننگ افسروں کے بجائے الیکشن کمشن کی حفاظت میں رکھا جائے گا۔ پریذائیڈنگ افسر پولنگ ختم ہوتے ہی بچ جانے والے بیلٹ پیپرز کا حساب پبلک کر دے گا۔ انتخابی نتائج کو ویب سائٹ پر ڈالنے کیلئے بھی قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر کے بھیجے گئے نتائج فی الفور ویب سائٹ پر ڈال دئیے جائیں گے۔ امیدواروں کیلئے ضمانت کی رقم بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ قومی اسمبلی کا امیدوار 4 ہزار کی بجائے 50 ہزار روپے جمع کرائے گا۔ صوبائی اسمبلی کا امیدوار 2 ہزار کی بجائے 25 ہزار روپے جمع کرائے گا۔ الیکشن کمشن نے ضمانت کی ضبطی کے قانون میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈالے گئے ووٹوں کا ایک چوتھائی حاصل نہ کرنے پر ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ مجوزہ ترامیم کا مسودہ پارلیمانی اصلاحاتی کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔