• news

’’گجرات فسادات کیس‘‘ امریکی عدالت نے نریندر مودی سے21 روز میں جواب طلب کر لیا

نیویارک (رائٹرز+ نیٹ نیوز) امریکی شہر نیویارک کی عدالت نے 2002ء میں بھارتی ریاست گجرات میں ہونیوالے فسادات میں مسلمانوں کا قتل عام کرانے اور انکی جان و مال کے تحفظ میں ناکام رہنے پر دائر کیس میں اس وقت کے وزیراعلیٰ اور موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے 21روز میں جواب طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ نریندر مودی ان دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے نیویارک میں موجود ہیں وہ وزیراعظم کے طور پر امریکہ آئے اس لئے انہیں امریکی قانون سے استثنیٰ حاصل ہے اور انکے خلاف کوئی کارروائی اگر کوئی ادارہ کرنا بھی چاہے تو نہیں کر سکتا۔ مودی کیخلاف گجرات فسادات کے دوران بچ جانیوالے 2افراد نے امریکی ادارے ’’امریکن سنٹر فار جسٹس‘‘ اے سی جی کے توسط سے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بطور وزیراعلیٰ گجرات نریندر مودی اپنے صوبہ میں 2002ء کے دوران گودھرا ٹرین جلائے جانے کے بعد بھڑکنے والے مسلم کش فسادات پر قابو پانے میں ناکام رہے بلکہ ایسے بھی شواہد ہیں کہ مودی نے مسلمانوں کا قتل عام کرانے کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو احکامات دئیے لہٰذا عدالت انہیں طلب کرے اور ان سے ہرجانہ اور نقصانات کا ازالہ کروا کر سائلین کی دادرسی کی جائے۔ واضح رہے کہ 2002ء کے گجرات فسادات کے دوران ہندو بلوائیوں نے جگہ جگہ قتل عام کرکے 2ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا، سینکڑوں کو زندہ جلا دیا گیا انکی املاک لوٹ لی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن