• news

اسلام آباد میں آپریشن، مسجد سے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا

اسلام آباد (وقائع نگار) انٹیلی جنس رپورٹس  پر کارروائی کر کے پولیس نے اسلام آباد میں بڑی دہشت گردی کی کارروائی ناکا م بنا دی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سیکٹر جی ٹین کی ایک مسجد سے کالعدم تحریک طالبان کے 9 دہشت گردوں کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے، مزید تفتیش کیلئے ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ جمعہ کو انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں پولیس اور فورسز نے مشترکہ کارروائی کی اور سیکٹر جی ٹین میں واقع ایک مسجد سے 9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جو وفاقی دارالحکومت میں رہائش پذیر فوج کے ایسے افسران کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے جو رہائشی علاقوں میں مقیم ہیں اور یہ دہشت گرد ان کی نقل و حرکت کی ریکی کرنے میں مصروف تھے، گرفتار ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزمان کا تعلق سوات اور باجوڑ ایجنسی سے بتایا جارہا ہے جو ٹھیلے والوں کے روپ میں اپنی پراسرار سرگرمیاں جار ی رکھے ہوئے تھے کارروائی کے بعد پولیس نے اسلام آباد کے گردونواح میں واقع کچی بستیوں سمیت دیگر مقامات میں بھی ایسے چھپے دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن