• news

ملک میں ڈیمو کریسی نہیں گلو کریسی ہے: طاہر القادری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) طاہرالقادری نے  گلوبٹ کی رہائی  پر شدید  تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان میں ڈیموکریسی نہیں گلوکریسی ہے وہ موجودہ سیاسی نظام کا بد نما چہرہ ہے اس سے  حکومت  بے نقاب ہو گئی ہے،   دھرنے والے گلو ازم کو ختم کرنے آئے ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون میں توڑ پھوڑ کرنے والے گلوبٹ کو رہا کردیا گیا ہے کیونکہ ملک میں ڈیموکریسی نہیں گلو کریسی ہے۔ نواز شریف اقوام متحدہ میں گلوکریسی کے بارے میں بتائیں کہ گلو کا نام آکسفورڈ ڈکشنری میں شامل کردیا گیا ہے۔ گلو بٹ حکومت کا ہیرو ہے، انتقامی کارروائی کے تحت منہاج القرآن کو 78 کروڑ کے ٹیکس کا نوٹس بھیجا گیا لٰہذا ہم قاتلوں کے بھیجے گئے ٹیکس کو مسترد کرتے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل نواز شریف ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی باتیں کیا کرتے تھے اب وہ امریکہ کے دورے پر تو جاتے ہیں لیکن وہاں پر جاکر وہ ملک کی بیٹی کی رہائی کیلئے بات نہیں کرتے لوگ سمجھ گئے ہیں کہ یہ غنڈوں کا ملک ہے جہاں پر جمہوریت کا نام لینے پر حکومت شرم محسوس کرتی ہے لیکن گلو بٹ جیسے لوگوں کو خفیہ گیٹ کے راستے رہا کروا کر گھر چھوڑ کر آنے پر فخر محسوس کیا جاتا ہے۔ گلو بٹ کو وی آئی پی گیٹ سے باہر نکالا گیا۔ ہمارے دھرنے نے 42 دن مکمل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے اب ہماری فتح قریب ہے، انقلاب کو آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ملک بحران کا شکار ہے جہاں پر بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، غریب عوام کا حال پوچھنے والا کوئی نہیں۔ گلو ازم اور لاقانونیت کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی اور دنیا کے کسی بھی ملک میں انسانیت کی اتنی تذلیل نہیں ہوتی جتنی پاکستان میں ہے۔ یہاں پر غریبوں کی مدد کرنے والوں کو دھکے دئیے جاتے ہیں۔ ان پڑھ اور جاہل ایم این اے محکمہ تعلیم کے وزیر ہیں۔ سب کی ذمہ دار کرپٹ حکومت ہے، انہیں حساب چکانا پڑے گا، ملتان میں کسانوں نے بجلی کے زائد بل آنے پر بل اور کپاس کو آگ لگا دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن