• news

فرانس، ویتنام کیساتھ 1.5 ارب ڈالر کا تجارتی حجم مزید بڑھانے کی ضرورت ہے: صدر ممنون

اسلام آباد (آئی این پی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس اور ویتنام سے اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے‘ دونوں ملکوں کیساتھ تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں‘ ویتنام اور فرانس کے ساتھ تجارت کا حجم 1.5 بلین ڈالر تک ہے، جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعہ کو ایوان صدر میں پاکستان میں فرانس اور ویتنام کے سبکدوش ہونیوالے سفیروں سے  علیحدہ علیحدہ الوداعی ملاقات میں بات چیت کررہے تھے جس کے دوران دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی ساز گار ماحول فراہم کیا ہے‘ بیرونی سرمایہ کاری کو ہر طرح کا تحفظ حاصل ہے اس وقت پاکستان میں ، مختلف ممالک کی 30 کمپنیاں اربوں ڈالر کے منصوبوں پر کام کررہی ہیں۔ پاکستان میں فرانس اور ویتنام سمیت دیگر ممالک کی کمپنیوں کو توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ صدر ممنون حسین نے فرانس کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فرانس پاکستان میں سستی توانائی کے حصول کیلئے ہائیڈرو پاور کے شعبہ میں بہت زیادہ مدد کرسکتا ہے۔ فرانسیی سفیر فی لیپ تھی بو نے پاکستانی طالبعلموں کو دئے جانے والے سکالرشپس کے بارے میں صدر مملکت کو بتایا  اس پر صدر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر تعلیم خاص طور پر خواتین میں تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
صدر ممنون

ای پیپر-دی نیشن