عمران خان نے استعفیٰ قومی اسمبلی میں جمع نہیں کروایا: اسفند یار ولی
پشاور (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے استعفیٰ قومی اسمبلی میں جمع نہیں کروایا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجے گئے استعفوں میں تحریک انصاف کے چیئرمین کا استعفیٰ شامل نہیں ہے۔ عمران خان پتہ نہیں کس کے مشوروں پر چل رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی حمایت کے حوالے سے انہوں نے کہا اے این پی نوازشریف کی نہیں، جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کی ڈھال ہے۔ نوازشریف ملزم ہیں، مجرم نہیں، جب تک جرم ثابت نہیں ہوتا ملزم کو اس کی سزا نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا نیا آئین بنا تو محروم طبقے اسکو 18 ویں ترمیم ختم کرنے کی سازش سمجھیں گے۔ تمام تر برائیوں کے باوجود آصف زرداری نے اپنا دور حکومت مکمل کیا۔
اسفند یار ولی