ایشین گیمز ہاکی : پاکستان نے عمان کو8-0 سے شکست دے دی
انچیون(سپورٹس رپورٹر )ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے اپنے آخری گروپ میچ میں عمان کو آٹھ صفر سے ہراتے ہوئے گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان کی مسلسل چوتھی کامیابی،گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔سیوہاک میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں قومی ٹیم آغاز سے ہی عمان پر چھائی رہی اور وقفے وقفے سے گول سکور کرتی رہی۔ پہلا کوارٹرمیں قومی ٹیم نے ایک اوردوسرے کوارٹر تین گولز سکورکرتے ہوئے چار صفر کی برتری حاصل کی۔اگلے دونوں کوارٹرز میں دفاعی چیمپئن نے مزید چار گولز داغے اور میچ میں آٹھ صفر سے باآسانی فتح سمیٹی۔پاکستان کی جانب سے کپتان محمد عمران، عبدالحسیم خان اور محمد عرفان نے دودو گول سکور کیے۔دفاعی چیمپئن پاکستان30 ستمبر کو سیمی فائنل میں ان ایکشن ہوگا جہاں اس کا مقابلہ گروپ اے کی دوسری بہترین ٹیم سے ہوگا۔ ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں گذشتہ روز ہونے والے دیگر مقابلوں میں گروپ اے میں کوریا نے بنگلہ دیش کو سات صفر سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے چین کے خلاف دوصفر سے کامیابی حاصل کی جبکہ دن کے دوسرے میچ میں ملائیشیا نے جاپان کو چار ایک سے مات دی۔ گروپ اے سے کوریا اور ملائیشیا جبکہ گروپ بی سے پاکستان اور بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ 30 ستمبر کو پہلا سیمی فائنل بھارت اور کوریا کے درمیان جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔