ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں، ہمارے ہمدرد مایوس ہیں تو معافی مانگتا ہوں: بلاول
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دیکھو دیکھو کون بھاگا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے ہمدرد مایوس ہیں تو ان سے انفرادی طور پر معافی مانگتا ہوں، ہمیں اندازہ ہے کہ پیپلز پارٹی سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں، ہم دوبارہ کارکنوں کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پی پی پی کے ہمدرد کسی اور جماعت میں شامل ہونے کا سوچ رہے ہیں تو وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔ وہ ہماری خامیوں کی سزا پاکستان اور جمہوریت کو نہ دیں۔ اگر آپ ہم سے مایوس ہیں تو احتجاج کے اور بھی راستے ہیں۔ پی پی پی جمہوری جماعت ہے، پارٹی کے اندر احتجاج کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔ ایسی کسی غیر جمہوری جماعت کے ساتھ تعاون نہ کریں جو انتہا پسندی کی حمایت کرتی ہو۔ دائیں بازو کی حامی، ڈکٹیٹرشپ اور ٹی ٹی پی کیلئے ہمدردی رکھنے والی کئی جماعتیں ہیں۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے کور کمیٹی کا اجلاس آج دو بجے بلاول ہائوس میں طلب کرلیا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور ہوگا۔ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف سمیت مرکزی رہنما اور صوبائی صدور اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بلاول