• news

اقوام متحدہ ہی تنازعہ کشمیر اٹھانے کیلئے مناسب فورم ہے: پاکستانی مندوب بھارتی نمائندے سے لفظی جنگ

نیویارک (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان اور بھارت کے نمائندوں کے درمیان نریندر مودی کے اس بیان پر لفظی جنگ ہوئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان عالمی ادارے میں مسئلہ کشمیر نہ اٹھائے۔ بھارتی وزیراعظم کے خطاب پر جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان مشن کے قونصلر دیار خان نے کہا کہ جموں و کشمیرکے دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ مناسب فورم ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے جنرل اسمبلی کے خطاب کا حوالہ دیا جس میں وزیراعظم نے واضح طور پر کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو حل کیا جائے۔ پاکستان دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہ ہی دہشت گردی کو بہانہ بناکر مذاکرات کو التواء میں ڈالا جاسکتا ہے۔ پاکستان نہیں بلکہ بھارت کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات معطل ہوئے۔ بھارتی مندوب جو بھی کہیں جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازعہ اقوام متحدہ کی قراردادوں سے ہی حل ہوسکتا ہے۔ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا بڑا شکار ہے۔ یہ ایک دیرینہ خطرہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ بھارتی مندوب ابھیشک سنگھ نے ان کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے سایہ کے خوف سے بغیر مذاکرات چاہتا ہے۔ اسے عالمی ادارے میں اٹھانے سے پرامن حل کی کوششیں پٹڑی سے اتر جائیں گی۔
لفظی جنگ

ای پیپر-دی نیشن