لاہور : پی ٹی سی ایل بلڈنگ میں آتشزدگی سے کروڑوں کا سامان جل کر تباہ‘ 45 ہزار فون بند
لاہور (نامہ نگار) ایجرٹن روڈ پر واقع پی ٹی سی ایل کی 10منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ پر 8گھنٹے کی کوششوںکے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔ آتشزدگی کے باعث محکمہ ٹیلی فون کی 45 ہزار لائنز ڈیڈ ہو گئیں، 25 ہزار انٹرنیٹ کنکشنز متاثر ہوئے، متعدد اہم جگہوں کے ٹیلی فونز خراب ہو گئے ہیں، کروڑوں روپے مالیت کا سامان اور جدید آلات جل کر تباہ ہو گئے۔ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، پولیس، ایدھی سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد، پی ٹی سی ایل انتظامیہ کے اعلیٰ عہدے دار اور سینکڑوں ملازمین بھی ریجنل آفس کے باہر جمع ہو گئے۔ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے عمارت کے چار فلورز کو پوری طرح تباہ کر دیا۔ امدادی ٹیموں نے عمارت کو خطرناک قرار دیکر پی ٹی سی ایل انتظامیہ کو عمارت میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایجرٹن روڈ پر واقع پی ٹی سی ایل کے ریجنل آفس میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شارٹ سرکٹ کے باعث پانچویں فلور پر آگ بھڑک اٹھی۔ ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی کے عملے نے دیکھ کر فوری طور پر ریسکیو فائر سروس اور فائر بریگیڈ کے عملے کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پرپہنچ کر آگ کو بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی اوپر والی چار منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ آگ شدت اختیار کرتی گئی۔ عینی شاہدین اور ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ وقفے وقفے سے لگتی رہی۔ ریسکیو فائر سروس اور فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں اور اہلکار آگ بجھانے میں لگے رہے۔ آدھے شہر کے ٹیلی فونز خاموش ہو گئے ہیں۔ ہنگامی ہیلپ لائنز ون فائیو، ریسکیو 1122، ایدھی، ائیرپورٹ اور ریلوے سٹیشن کے فون بھی بند ہو گئے۔ ریسکیو فائر سروس اور فائر بریگیڈ کی امدادی ٹیموں نے 8گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ کروڑوں روپے مالیت کے جدید آلات اور دیگر سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ حکام کے مطابق سروس کی بحالی میں تین سے چار روز درکار ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے آگ لگنے کی اصل وجوہات جاننے کے لئے تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ آتشزدگی سے ون لنک سسٹم بھی بند ہو گیا جس سے بنکوں سے رقوم نکلوانا ناممکن ہو گیا۔ ریسکیو، پی آئی اے، ریلوے پولیس اور ہیلپ لائنز پر بات کرنا ممکن نہ رہا۔
پی ٹی سی ایل/ آتشزدگی