• news

ہنگو : آئی ڈی پیز کے کیمپ میں بم دھماکہ‘ 8 جاں بحق‘ جنوبی وزیرستان : ڈرون حملہ میں ملا نذیر گروپ کے دو کمانڈروں سمیت چار ہلاک

وانا+ خیبر ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ملا نذیر گروپ کے دو کمانڈروں سمیت 4 افراد  ہلاک ہوگئے جبکہ ہنگو میں آئی ڈی پیز کے کیمپ میں بم دھماکے میں 8 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سے 4 کلو میٹر دور کریکوٹ کے گائوں میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا اور دو میزائل داغے، حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مارے گئے 2 افرادکا تعلق ملا نذیرگروپ سے تھا جبکہ 2 مقامی افراد بھی حملے میں مارے گئے۔ دونوں کمانڈر اعظم ورسک کے علاقے سے گاڑی میں سوار ہوکر اسی علاقہ میں پہنچے اور ایک مکان کے قریب گاڑی کھڑی کی تو میزائل حملہ ہو گیا۔ حملے میں ایک مکان کو بھی شدید نقصان ہوا۔ علاوہ ازیں ڈرون طیاروں کی نچلی پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس پر لوگوں میں شدید خوف و ہراس رہا۔ علاوہ ازیں  ہنگو میں محمد خواجہ آئی ڈی پیز کیمپ میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے، 2 خیمے بھی جل گئے۔ ہنگو کے محمد خواجہ آی ڈی پیز کیمپ میں موٹر سائیکل پر نصب بم پھٹ گیا۔ کیمپ میں اورکزئی ایجنسی سے آئے ہوئے آئی ڈی پیز قیام پذیر ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ ادھر کوہاٹ ہنگو روڈ بمقام کاغذی سڑک کے کنارے پانچ کلو بارودی مواد پھٹنے سے تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین اوروزیراعظم نوازشریف نے آئی ڈی پیز کیمپ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہنگو میں آئی ڈی پیز کے کیمپ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں درندے ہیں۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی آئی ڈی پیز کیمپ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ہنگو بم دھماکے

ای پیپر-دی نیشن