امریکہ میں تحریک انصاف کے مظاہروں سے ملک کی بدنامی ہوئی: رانا ثناء اللہ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت دھرنوں اور جلسوں کا متحمل نہیں ہوسکتا اس وقت صرف کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک سے غربت، افلاس کا خاتمہ کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ اور یو این او خطاب کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے جو شرمناک مظاہرہ کیا ہے اس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے اور لوگوں کے سر جھک گئے ہیں جبکہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی جب یو این او پہنچے تو بھارت کے شہریوں نے اختلافات کے باوجود ان کا جس طرح گرم جوشی سے استقبال کیا وہ انہیں دیکھنا چاہیے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اب اعلان کیا ہے کہ وہ ہر ہفتہ کو پاکستان کے ہر بڑے شہر سے جلسہ کی صورت میں حملہ کریں گے یہ ملک میں ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو ختم کرنے کا پروگرام ہے۔ رانا ثناء اﷲ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جلسے کرنا کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک منصوبے کے تحت انتشار پھیلایا جارہا ہے تاکہ ملک میں عدم استحکام پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سب لندن سازش کا حصہ ہے جو بے نقاب ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان منتخب وزیراعظم کی تذلیل کرتے ہیں یہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کیلئے ناقابل برداشت ہوچکی ہے اور ہمارے کارکن اشتعال میں ہیں اور انہیں مجبور کیا جارہا ہے کہ ہم بھی عمران خان پاگل خان کہہ کر نعرہ بازی شروع کریں مگر وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے پارٹی رہنمائوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کوئی ایسا اقدام نہ اٹھائیں۔