• news

تحریک انصاف کے استعفے منظوری کیلئے دبائو بڑھ گیا، عید تک موخر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی پر تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنے کیلئے دبائو بڑھ گیا، تین معطل کارکنان کی رکنیت ختم نہ کئے جانے کا قوی امکان ہے۔  ذرائع نے  بتایا سپیکر قومی اسمبلی پر حکومت اور اپوزیشن کے سینئر ارکان کی جانب سے مسلسل استعفے منظور کرنے کیلئے دبائو بڑھ گیا ہے اور کہا گیا ہے بہت رعایت دیدی اب مزید گنجائش نہ دی جائے۔ ذرائع نے مزید بتایا سپیکر ایاز صادق اب اپنے روبرو بلانے کی بجائے ٹیلیفونک تصدیق کا عمل شروع کرینگے اور پھر استعفے منظور یا مسترد کئے جائینگے۔ ذرائع نے مزید بتایا سپیکر کو تمام ارکان کے موبائل نمبرز، رہائش گاہوں کے نمبرز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا سپیکر قومی اسمبلی نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور دیگر سیاسی رہنمائوں کی درخواست پر تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ  عید کے بعد تک موخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے چونکہ تحریک انصاف کے ارکان طلبی پر نہیں آئے اور ان کے استعفوں کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہو سکی اس لئے یہ معاملہ منجمد ہوکر رہ گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پی ٹی آئی کے ممبران کے استعفے منظور کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عید کے بعد کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن