• news

گو نواز گو کا نعرہ ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے: پرویزالٰہی

چکوال (نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میںجاری دھرنا پارلیمنٹ یا جمہوریت کے خلاف نہیں بلکہ دھاندلی زدہ انتخابی نتائج کے نتیجے میں بننے والی جعلی اور بے گناہوں کا قتل عام کرنے والی ظالم حکومت کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ گو نواز گو کا نعرہ ملک بھر کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے اور اب تو مسلم لیگ ن کے کارکن بھی یہ نعرہ لگا رہے ہیں وہ چکوال میںمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ق لیگ کے رہنما حافظ عمار یاسر اور ملک حفیظ انجم بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ظلم اور دھاندلی کے خلاف احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے اور یہ غیرآئینی نہیں، انتخابی نتائج بدلنا غیر آئینی، غیر قانونی اور سنگین ترین جرم ہے، اب تو حکمرانوں کے قریبی ساتھی بھی ملک میں کرپشن، بدامنی اور نالائقی کا برملا اعتراف کر رہے ہیں، حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ خود مستعفی ہو جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن