لاہور میں8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ، کئی علاقوں میں ٹرپنگ بھی جاری
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اتوار والے روز بھی جاری رہا۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف حصوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ اسکے ساتھ علامہ اقبال ٹائون (گلشن بلاک)، مصری شاہ، الحمد کالونی، مزنگ ، سمن آباد، یتیم خانہ سمیت درجنوں علاقوں میں ٹرپنگ بھی جاری رہی۔ لیسکو کی طرف سے اوور لوڈ سسٹم ہونے سے صارفین پریشان ہیں۔ اس وقت لاہور ا لیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں 50 کے وی اے سے لیکر 100 کے وی اے اور 200 کے وی اے کے 11 ہزار نئے ٹرانسفارمرز کی اشد ضرورت ہے۔ سسٹم میں ٹرانسفارمرز کے اضافہ نہ ہونے سے صارفین کو اوور لوڈنگ، ٹرپنگ اور بجلی کی جبری بندش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ صارفین نے چیف ایگزیکٹو لیسکو رائو ضمیر الدین سے سسٹم اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نامہ نگاران کے مطابق دو گھنٹوں کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ موچھ اور شکرگڑھ میں بیس گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف کئی علاقوں میں احتجاج کیا گیا اور خواتین نے سینہ کوبی کی۔