افتخار چودھری کی اپنے وکلاء کو عمران کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (آن لائن) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کیلئے اپنے وکلاء کو حتمی ہدایات جاری کر دیں اور کہا ہے کہ مزید انتظار کئے بغیر عید کے بعد یہ دعویٰ دائر کر دیا جائے جبکہ عمران خان کی نااہلی کے لئے الیکشن کمشن میں درخواست بھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قریبی ذرائع کے مطابق سیاسی و معاشی امور پر تھینک ٹینک کے قیام کا فیصلہ بھی عید الاضحی کے بعد کر لیا جائیگا ۔ ذرائع نے بتایاکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے اتوار کے روز ان کے وکلاء احسن الدین شیخ اور دیگر نے ملاقات کی ہے جس میں سابق چیف جسٹس نے انہیں عمران خان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے حتمی ہدایات جاری کیں اور اس حوالے سے عمران خان کو دیئے گئے نوٹس کے بعض قانونی نکات کا جائزہ بھی لیا اور بعد ازاں بعض نکات میں تبدیلی کر کے درخواستوں کی حتمی منظوری بھی دے دی۔