تحریک انصاف نے الیکشن کمشن کا حقائق نامہ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف نے دھاندلی کے الزامات کے جواب میں الیکشن کمیشن کا جاری کردہ حقائق نامہ مسترد کر دیا ہے اور اس حقائق نامے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔آئندہ چند روز میں حامد خان ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ حقائق نامے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا حکم دیا ہے جس پر ایک درخواست تیار کی جارہی ہے جو آئندہ72 گھنٹوں میں عدالت میں دائر کئے جانے کا قوی امکان ہے۔