• news

فیصل آباد: فیض آباد چوک میں پولیس تشدد سے زخمی ہونے والا عوامی تحریک کا رہنما دم توڑ گیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) 23 جون کو فیض آباد چوک میں پولیس کے تشدد سے زخمی ہونے والے پاکستان عوامی تحریک پی پی 67 کے صدر رفیع اللہ نیازی کئی دنوں تک لاہور کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گذشتہ روز دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق 23 جون کو طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے موقع پر فیض آباد چوک میں پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ عوامی تحریک ضلع فیصل آباد کے صدر رانا طاہر سلیم خاں، سینئر نائب صدر رانا نثار احمد خان، دیگر کارکنوں میاں عبدالقادر، سید ہدایت رسول قادری، کاشف محمود، ملک سرفراز قادری اور دیگر رفیع اللہ نیازی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ رفیع اللہ نیازی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حکمران کا جلد دھڑن تختہ ہو گا۔ رفیع اللہ خان نیازی کی نماز جنازہ میانوالی میں ان کے آبائی گائوں میں ادا کی گئی اور انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن