قومی بچت سکیموں پر منافع کا تعین ہر دو ماہ بعد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے قومی بچت سکیموں پر شرح منافع کا تعین سہ ماہی کے بجائے ہر 2 ماہ بعد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کو قومی بچت سکیموں پر منافع بینک اکاؤنٹس کے ذریعے فراہم کرنے کی تجاویز وزارت خزانہ کو جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزارت ِ خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ قومی بچت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس بجٹ ڈاکٹر شجاعت علی نے محکمہ قومی بچت کے تحت ملک میں جاری مختلف قومی بچت کی سکیموں اور ان پر دیے جانیوالے منافع کی شرح کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سینٹرل ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگ کو درپیش چیلنجز و مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مختلف سکیموں کیساتھ قومی بچت سکیموں کو زیادہ سے زیادہ مسابقتی بنایا جائے۔ بچتوں کے فروغ کیلئے جدید بچت سکیمیں متعارف کرائی جائیں، اجلاس میں قومی بچت کے دفاتر کی آٹومیشن کا کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔