پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکل گئی، لاہور مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور رہے گا: زعیم قادری
لاہور(خبر نگار) حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔لاہور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ رہے گا۔ عمران خان نے کارکنوں کو بل جمع نہ کرانے کا حکم دیا اور لیڈروں نے خود اپنے بل جمع کرا دیئے۔ بل جمع نہ کرانے ڈرامہ عوام نے دیکھ لیا۔ پی ٹی آئی کے لیڈروں کے قول و فعل میںتضاد کھل کر سامنے آ گیا۔ اہل لاہور نے جلسے میں شرکت نہ کر کے تاریخی جلسے کا دعویٰ کرنے والے نام نہاد انقلابیوں کو ان کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔ زعیم قادری نے عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور مسلم لیگ (ن) لاکھوں کا جلسہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی صورت میں عمران خان کو اپنی سوانح عمری سنانے کا نادر موقع میسر آیا ہے۔ عمران خان کے جھوٹے الزامات پر مبنی ایک ہی تقریر سن کر عوام کے کان پک چکے ہیں۔