نفرتوں پر صوبے نہیں بنتے، سندھ کی تقسیم کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی: خورشید شاہ
سکھر (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے ایماندار نہ ہوتا تو آج پارلیمنٹ سے باہر ہوتا اور آٹھویں بار پارلیمنٹ کا حصہ نہ ہوتا، عمران خان نوٹس کا جواب دیں ہم مطمئن ہوئے تو ٹھیک ورنہ عدالت میں جائیں گے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جن لوگوں کو اپنے ہی لوگوں سے بدبو آتی ہو وہ کس طرح ان کی خدمت کرسکیں گے جو بیماری باہر ہوتی ہے وہ کنٹینر میں کیوں نہیں لگتی۔ نفرتوں پر صوبے نہیں بنا کرتے سندھ کی تقسیم کی کسی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔ الطاف حسین سندھ کو مضبوط کریں۔ عمران خان کی جانب سے سمجھانے والوں پر الزامات لگانا وطیرہ بن چکا ہے اس کی بات کیا کریں۔ صوبے کا ساٹھ فیصد بجٹ شہری آبادی پر خرچ ہوتا ہے دیہات میں تو لوگوں کو تعلیم و صحت تک کی سہولیا ت نہیں شہری علاقوں میں تو تمام سہولیات ہیں بلاجواز شہری آبادی میں احساس محرومی پیدا کیا جارہا ہے، سندھ کی تقسیم کی باتیں قابل افسوس ہیں۔ آن لائن کے مطابق خورشید شاہ نے کہا نوابزادہ نصراللہ خان اصول پسند اور وضعدار سیاسی قائد تھے، موجودہ سیاسی حالات میں ان کی بہت یاد آتی ہے۔ وہ سیاست میں صبرو تحمل اور جمہوریت کی افادیت بارے بتاتے تھے۔ کیچڑ اچھالنے کے قائل نہیں تھے۔