• news

عمران اور طاہر القادری دھرنا کچھ روز کیلئے ملتوی کر دیں: سیاسی جرگے کی اپیل

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن سیاسی جرگے نے عمران خان اور طاہر القادری سے دھرنا کچھ دن کیلئے ملتوی کرنے کی اپیل کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن سیاسی جرگے کا اجلاس سراج الحق کی سربراہی میں رحمٰن ملک کے گھر ہوا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جرگے نے صورتحال کا جائزہ لیا حکومت کو لچک کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم، عمران خان اور طاہر القادری کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہوں گے پہلے مرحلے میں وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کریں گے قوم کی خواہش ہے کہ عید سے پہلے مسئلہ حل ہو جائے، تینوں سیاسی جماعتوں کے پاس وقت ہے بروقت حل نہ نکالا گیا تو تصادم کا خطرہ ہے۔ رحمٰن ملک نے کہا کہ کچھ دنوں کیلئے دھرنے ملتوی کر دیں تاکہ شرکاء گھروں پر عید کریں۔ عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی نے افغانستان کیلئے مفاہمت کی، کیا ہم اپنے پاکستان کے لئے مفاہمت نہیں کر سکتے؟۔ عوامی تحریک کا معاملہ حل ہو چکا تھا تحریک انصاف کے 5 مطالبات مان لئے گئے تھے، تینوں فریق لچک دکھائیں تو معاملہ دو دن میں حل ہو سکتا ہے۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں سے رابطے کئے انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے لئے تیار ہیں ہم آرام سے اور قائدین بھی شاید آرام سے ہیں لیکن دھرنے میں لوگ مشکل میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن