• news

احسن اقبال، سلمان رفیق کی تقاریب میں گو نواز گو کے نعرے، ڈاکٹروں کا ساتھی پر تشدد، تھپڑ مارے

لاہور (نیوز رپورٹر + لیڈی رپورٹر) لاہور میں وفاقی وزیر احسن اقبال اور مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی موجودگی میں گو نواز گو کے نعرے لگ گئے۔ نیوز رپورٹر کے مطابق پی ایم اے کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب میں اس وقت بدمزگی پیدا ہوئی جب تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق خطاب کر رہے تھے تو مظفر گڑھ سے پی ایم اے کے جوائنٹ سیکرٹری اور تحریک انصاف پنجاب کے کونسل رکن ڈاکٹر سلمان پٹیل کی جانب سے تقریب کے درمیان جھنڈا نکال کر ’’ گونواز گو‘‘ کے نعرے لگانے شروع کئے گئے جس پر وہاں موجود پی ایم اے کے عہدیداروں سمیت دیگر ڈاکٹرز نے انہیں چپ کرانے کی کوشش کی انکے باز نہ آنے پر ہاتھا پائی شروع ہوگئی اور ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں تھپڑ مارے گئے جس کے باعث انکے چہرے پر ناخن لگنے پر زخم آئے۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا یہ پی ایم اے کی تقریب تھی کوئی سرکاری تقریب نہ تھی۔ ڈاکٹرز کی جانب سے تشدد کی بھی پرزور مذمت کی گئی۔ متاثرہ ڈاکٹر سلمان پٹیل کا کہنا تھا احتجاج کرنا میرا حق ہے جب میں نے احتجاج کیا تو میری کمیونٹی کے ’’ گلو بٹوں‘‘ نے مجھے پیٹنا شروع کردیا۔ مجھے میرا پارٹی پرچم واپس دیا جانا چاہئے۔ لیڈی رپورٹر کے مطابق الحمرا ہال میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی تقریر کے دوران چند لمحوں کیلئے بجلی چلی گئی تو چند نوجوانوں نے گو نواز گو کے نعرے بلند کرنا شروع کردیئے چند لمحوں بعد جب لائٹ آگئی تو نعرے بھی خاموش ہوگئے۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں، نعروں سے نہ کوئی آتا اور نہ جاتا ہے قوم جلد دھرنوں کے خاتمے کی خوشخبری سنے گی۔

ای پیپر-دی نیشن