• news

بنی گالہ کا بل جمع نہ کرانے پر عمران‘ زائد کنکشن پر شاہ محمود کو نوٹس

رحیم یار خان / ملتان/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شاہ محمود قریشی کی طرح تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین بھی سول نافرمانی کے نافرمان نکلے، جہانگیر ترین کی شوگر ملز، ایگری فارم اور ڈیری فارم کے بجلی کے بل ادا کردیئے گئے۔ جمال دین شوگر ملز کا بجلی کا بل 18 لاکھ روپے آیا۔ میپکو نے شاہ محمود قریشی کو ملتان میں ایک ہی گھر میں بجلی کے دس کنکشن پر نوٹس بھیج دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نوٹس میپکو سب ڈویژن منظور آباد کی طرف سے بھیجا گیا۔ نوٹس میں شاہ محمود قریشی کے دس کنکشنوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں اور کہا گیا ہے آپ ان دس کنکشن کے ذریعے دوہری بجلی سپلائی بھی حاصل کررہے ہیں۔ شاہ محمود کو 15 روز میں غیر قانونی کنکشن کٹوانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ آئیسکو نے بجلی کے بل کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو بجلی کاٹنے کا نوٹس بھیج دیا۔آئیسکو نے عمران خان کو نوٹس میں کہا ہے آپ نے بنی گالہ کے بجلی کے بل جمع نہیں کرائے، نوٹس اجرا کے سات دن کے اندر بقایا جات جمع کرا دیں، بل جمع نہ کرائے تو بجلی کا کنکشن کاٹ دیا جائے گا۔ بل جمع نہ کرانے کی صورت میں واپڈا کی تمام تنصیبات بھی ہٹا لی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن