مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جاوید ہاشمی کی حمایت کا فیصلہ
ملتان (سپیشل رپورٹ) مسلم لیگ (ن) نے شہر کے حلقہ این اے 149 میں آزاد امیدوار سابق ایم این اے مخدوم جاوید ہاشمی کی مکمل حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے اہم اجلاس میں حمزہ شہباز نے ملتان کے ضلعی عہدیداروں کارکنوں اور اراکین اسمبلی کو مخدوم جاوید ہاشمی کی مکمل سپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان ہدایات کے بعد مسلم لیگ (ن) نے ملتان میں مخدوم جاوید ہاشمی کی انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ مسلم لیگ (ن) ضلع و سٹی کا اجلاس سابق ایم این اے شیخ طارق رشید کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملتان کے ضمنی الیکشن میں سابق ایم این اے مخدوم جاوید ہاشمی کی مکمل حمایت کی جائے وہ آزاد امیدوار ہیں اور انکی حمایت آزاد حیثیت میں کی جائیگی۔ اس موقع پر ضلعی و سٹی تنظیم کے عہدیدار اراکین اسمبلی مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔ آپس کے اختلافات کو بھلا کر پارٹی کے اعلیٰ کار کیلئے تمام عہدیدار اور کارکن متحد ہو کر ٹیم ورک کریں۔