• news

جبری گمشدگیاں‘ 2 ماہ میں 7 خواتین لاپتہ ہو گئیں: آمنہ مسعود

اسلام آباد (نامہ نگار) جبری گمشدگیوں کا سلسلہ نہایت تشویشناک صورتحال اختیار کرگیا، دو ماہ کے دوران سات خواتین لاپتہ ہوگئیں، ڈیفنس آف ہیومن رائٹس(ڈی ایچ آر) نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستوں کے ایسے ہی اقدامات انقلاب کا باعث بنتے ہیں، خیبر پی کے کے حراستی مراکز سے  لاپتہ افراد کے ماورائے عدالت قتل کے 97 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جبکہ ملک بھر سے دیگر لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کی تعداد35  تک پہنچ چکی ہے۔ وزیراعظم اور عمران خان سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تنظیم کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے لگائے گئے دھرنا کیمپ میں نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند دن بعد عیدالاضحیٰ کا مبارک دن آنیوالا ہے اسلئے لاپتہ افراد کے مظلوم ورثاء وزیر اعظم کو بتانے آئے ہیں کہ ایسے خوشی کے مواقعوں پر ہمارے زخم ہرے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا دو روز سے دھرنا جاری ہے لیکن تاحال اسے میڈیا پر اتنی ذیادہ کوریج نہیں ملی ہماری درخواست ہے کہ ان مظلوموں کی آواز کو بھی بلند کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن