• news

راولپنڈی، توہین رسالت کے ملزم کو جیل میں زخمی کرنیوالے کانسٹیبل کا جوڈیشل ریمانڈ

راولپنڈی (نیٹ نیوز) توہینِ رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والے برطانوی شہری راجہ اصغر علی پر راولپنڈی کی جیل میں قاتلانہ حملہ کرنے والے پولیس کانسٹیبل محمد یوسف کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے اس معاملے پر پہلے اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا تھا جس میں اتوار کو اعلیٰ حکام کی ہدایت پر انسداد دہشت گردی کی دفعات کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد ملزم یوسف کو پیر کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک قیوم کے ربرو پیش کیا گیا۔ مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم یوسف نے دورانِ تفتیش کہا ہے کہ راجہ اصغر پر فائرنگ اس کا ذاتی فعل تھا اور اسے کسی نے نہیں اْکسایا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ چونکہ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اس لئے اسکی مزید تفتیش درکار نہیں جس پر عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق ملزم یوسف کا تعلق ضلع چنیوٹ کے گاؤں سالار والا سے ہے۔ ادھر راولپنڈی کی انتظامیہ نے جیل میں ہونے والے اس واقعے کو سکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے حقائق معلوم کرنے کے لئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ یہ کمیٹی اڈیالہ جیل کے اعلیٰ حکام سے ملزم یوسف کے مسلح ہو کر جیل کے اندر جانے سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گی جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جیل قوانین کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی جیل کے معائنے کے دوران اسلحہ لے کر جانے کی اجازت نہیں۔ واضح رہے کہ ملزم یوسف کی فائرنگ سے زخمی ہونے راجہ اصغر اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اسکی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ اس معاملے میں برطانوی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام کو راجہ اصغر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر گہری تشویش ہے۔ بیان کے مطابق برطانوی قونصلر نے راجہ اصغر سے ملاقات کی ہے اور وہ جیل اور ہسپتال کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر پہلے بھی آواز اٹھا چکے ہیں اور ’ضروری ہے کہ راجہ اصغر کے تحفظ اور ان کی ذہنی حالت کے بارے میں تحفظات دور کئے جائیں اور ان کی اپیل کی سماعت کے دوران بھی انھیں مدِنظر رکھا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن