• news

حکومت دھرنے سے بلیک میل ہوکر ترقی کے کاموں سے پیچھے نہیں ہٹے گی: احسن اقبال

لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے ویژن 2025ء کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے حکومت کسی بھی دھرنے سے بلیک میل ہوکر ترقی کے کاموں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ شفاف انداز میں ترقی کے منصوبوں پر خرچ کیا جارہا ہے کیونکہ آنے والے وقت میں حکومت عوام کو جواب دہ ہے۔ حکومت خدمت ‘ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی اور نہ ہی کسی معیار پر کوتاہی برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا حکومت کی اولین ترجیح تعلیم ہے جس کیلئے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ بجٹ رکھا گیا ہے۔ توانائی بحران کو کم کرنے کیلئے کئی منصوبے زیر عمل ہیں۔ پلاننگ کمیشن نے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے کئی چھوٹے ڈیم بنانے کیلئے بھی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ جس کے لئے دو نئے ڈیم بنائے جائیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ سٹی اینڈ ریجنل پلاننگ کے زیراہتمام ایچ ای سی کے اشتراک سے ٹائون پلاننگ اینڈ اربن مینجمنٹ کے عنوان سے دو روزہ عالمی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس میں برطانیہ، فلپائن کے علاوہ ملکی ماہرین نے مقالات پڑھے، کانفرنس میں 300 قومی اور بین الاقوامی شرکائ، منصوبہ سازوں، ٹیکٹس، انجینئرز، محققین، شہری ڈویلپرز، پالیسی سازوں اور طالب علموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ڈاکٹر غلام عباس نے ٹاؤن منصوبہ بندی اور پاکستان میں اس کی موجودہ حیثیت کی اہمیت پر زور دیا۔ محمد اسلم مغل، واٹ یونیورسٹی ایڈنبرا برطانیہ سے پروفیسر کلف ہیگ نے شہری حکومت کے بارے میں بات کی۔  ڈاکٹر ناصر جاوید سی ای او اربن یونٹ لاہور پاکستان نے چیلنجوں کے بنیادی ڈھانچے، ترقی اور شہری منصوبہ بندی کی اہمیت پاکستان کے شہری علاقوں کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ فلپائن سے لیواگ نے جامع شہری زمین کے استعمال اور ترقی کی منصوبہ بندی پر دلچسپ مقالہ پیش کیا۔ ڈاکٹر آر سی پولوانگ فلپائن، ڈاکٹر خضر فاروق عمر، ظفر پرویز صابری، اظہرالدین خاں، امداد حسین، امتیاز احمد چانڈیو، سید ایوب قطب، مسعود الحسن جعفری، محمد عبداللہ، نظام مقبول، عمر خانزادہ، ظفراقبال ظفر اور عمر اخلاق ملک نے اپنے مقالات میں کہا انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ٹائونز کی منصوبہ بندی کے لیے انجینئرنگ کے مروجہ اصولوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن