بہاولپور: این اے 153سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دیوان عاشق نااہل قرار
بہاولپور (نامہ نگار) الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این اے 153سے ایم این اے دیوان عاشق بخاری کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ دیوان عاشق بخاری کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔ ریٹائرڈ سیشن جج عبدالحفیظ کی سربراہی میں ٹربیونل نے یہ فیصلہ پیپلزپارٹی کے رانا قاسم کی طرف سے دائر کی جانے والی انتخابی عذر داری میں کیا۔ رانا قاسم نون نے انتخابی عذر داری میں دیوان عاشق بخاری کی ڈگری کو چیلنج کرتے ہوئے دفعہ 62کے تحت بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ رانا قاسم نون نے عذر داری میں کہا تھا کہ دیوان عاشق بخاری کے پاس بی اے اور ایم اے کی ڈگری تو ہے مگر ایف اے کی سند نہیں ہے۔ اس طرح سے وہ دفعہ 62کے تحت صادق اور امین نہیں رہے۔ ٹربیونل نے دیوان عاشق سے ایف اے کی سند طلب کی جو وہ پیش نہ کر سکے۔ جس پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔ اس حلقے سے دوبارہ الیکشن کیلئے حکم جاری کر دیا گیا ہے۔