ارکان انفرادی یا گروپ کی شکل میں سپیکر کے پاس نہیں جائینگے: پارلیمانی پارٹی تحریک انصاف
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، اجلاس میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے استعفوں کے حوالے سے لکھے جانے والے خط پر غور و خوض کیا اور اتفاق رائے کے ساتھ فیصلہ کیا کہ ارکان انفرادی یا گروپ کی شکل میں سپیکر کے پاس نہیں جائینگے اور اس ضمن میں قائد حزب اختلاف پنجاب نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو تحریری طور پر بھی آگاہ کر دیا ہے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد دھرنے اور احتجاجی جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت پر مسرت کا اظہار کیا، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میاں محمود الرشید نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ وہ دو دو، چار چار ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کر کے سہولت کے ساتھ ضمنی الیکشن کروا لے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہے، عوام عمران خان کو نجات دہندہ کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔ دھاندلی کے ٹھوس ثبوت سامنے آ چکے موجودہ حکمران ڈھٹائی کے ساتھ عہدوں اور کرسیوں سے چمٹے ہوئے ہیں ، بالآخر انہیں کوچہ اقتدار سے رخصت ہونا ہو گا۔ میاں نواز شریف بھی جعل سازی سے جیتے دھاندلی نہ ہوتی تو ڈاکٹر یاسمین راشد کامیاب ہوتیں، دھرنوں کو ناکام کہنے والے گو نواز گو کی ملک گیر تحریک کی وجہ سے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور کے بعد میانوالی، ملتان،کوئٹہ اور پشاور میں جلسے ہونگے۔