عمران پی پی قیادت پر تنقید کریں لیکن الفاظ کا مناسب چنائو کریں: قمر زمان کائرہ
کراچی(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے عمران خان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں پر تنقید ضرور کریں لیکن الفاظ کا مناسب چناؤ کریں۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کوئی بھی ملک ہمیشہ جمہوریت میں ہی ترقی کرتا ہے اسلئے ہمارے ہاں بھی جمہوریت کو چلتے رہنا چاہئے، پاکستان میں جب بھی آمریت آئی تو کبھی ملک ٹوٹ کر فرقہ واریت کا شکار ہوا، کبھی صوبوں میں تفریق بڑھی، کبھی اسلحہ اور منشیات عام ہوئی اور کبھی ملکی ترقی زوال پذیر ہوئی۔ انہوں نے کہا پاکستان میں جمہوریت کا دور بدقسمتی سے صرف ساڑھے 10 برسوں پر محیط ہے، اتنی کم مدت میں جمہوریت کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوسکتے تھے، جمہوریت کو چلتے رہنے دیں تو نظام کی خرابیاں دور ہوجائیں گی اور حقیقی جمہوریت بھی آجائیگی۔ عمران خان کے الفاظ صحیح نہیں ہوتے، طاہرالقادری کے مطالبات کسی حد تک درست ہیں، انکے مطالبات پر ہم انکے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے لندن میں ہونیوالے میثاق جمہوریت پر انگلیاں اٹھائیں لیکن وہ غور کریں تو انہیں پتا چلے گا۔ چارٹر آف ڈیموکریسی پوری دنیا کے سامنے ہوا تھا جبکہ منصوبے سب سے چھپ کر بنائے جاتے ہیں۔
قمر زمان کائرہ