• news

دھرنوں سے پاکستان کی معیشت کو بڑا نقصان ہوا: گلف نیوز

اسلام آباد (اے پی پی) عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنوں سے پاکستان کی معیشت کو بڑا نقصان ہوا، جاری منصوبے سست روی کا شکار اور سرکاری مشینری متاثر ہوئی۔ ’’گلف نیوز‘‘ نے کنٹینرز پر سیاست کے عنوان سے اپنے آرٹیکل میں بیان کیا ہے کہ پاکستان کے اندر اور باہر ہر شخص اسلام آباد کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔   چند ہفتے قبل پاکستان ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن تھا تاہم دھرنوں سے بحران آیا جس سے موجودہ ترقیاتی عمل میں خلل اور انتشار کی صورتحال پیدا ہوئی۔ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ عمران کہتے ہیں کہ وہ ایک نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، آخر وہ کس قسم کا نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ان کی کیا سوچ ہے؟ احتجاج کے باعث چینی صدر سمیت تین ممالک کے صدور کے دورے ملتوی ہوئے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری اپنے غیر آئینی اور غیر قانونی احتجاج ختم کریں اور کنٹینر سے نیچے اتر کر متاثرین سیلاب کی مدد کریں۔  روزنامہ ’’دی سٹیٹس مین‘‘ کے صحافی ارون کمار بنرجی نے اپنے آرٹیکل میں بیان کیا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے سٹاک مارکیٹ نے 30 ہزار کا انڈیکس عبور کیا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہوئی، شمالی وزیرستان میں انتہا پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا گیا۔ اخبار نے سوال کیا کہ عمران خان اور قادری کا کون سا بڑا ایجنڈا ہے جنہوں نے انتخابی دھاندلی کے الزامات پر وزیراعظم کے استعفے کے ایک نکاتی پروگرام کے ساتھ دھرنوں کا آغاز کیا۔   اگر عمران خان اپنے الزامات میں سنجیدہ ہوتے تو پھر وہ غیر جمہوری تحریک شروع کرنے سے قبل وزیراعظم کے استعفیٰ کے لئے قانونی راستے اختیار کرتے۔ اپوزیشن کی کوئی دوسری جماعت ان کی حمایت نہیں کر رہی۔
گلف نیوز

ای پیپر-دی نیشن