• news

زمان پارک میں لگے تین بجلی میٹر غیرقانونی ہیں، لیسکو کا عمران کو نوٹس

لاہور/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)  لیسکو حکام نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے گھر پر لگے تین میٹروں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے دس روز میں جواب طلب کرلیا۔ لیسکو حکام نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی ہدایت پر نوٹس دیا۔ لیسکو حکام نے عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پر لگے تین میٹروں کو غیرقانونی قرار دے دیا اور بذریعہ کوریئر عمران خان کو نوٹس بھجوا دیا جس میں کہا گیا ہے وہ ان تین میٹروں کے حوالے سے وضاحت کریں کہ آخر ایک گھر میں تین میٹر کیسے اور کس نے لگائے، تسلی بخش جواب نہ ملنے پر کنکشن کاٹ دئیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ مزید براں شاہ محمود قریشی نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنی رہائش گاہ کا بل ادا کردیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کے ملازم نے لیسکو ٹیم کو ادا کردہ بل کی کاپی دکھا دی۔ لیسکو حکام نے شاہ محمود قریشی کے گھر کا کنکشن کاٹنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ شاہ محمود نے بل جرمانے کے ساتھ ادا کئے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس بنی گالہ کی رہائشگاہ کا بل جمع کرانے کیلئے 4 اکتوبر تک ٹائم ہے، بل ادا نہ کیا تو بجلی کاٹ دینگے۔ انہوں نے کہا قانون ہمیں اجازت دیتا ہے اگر کوئی شخص اسلام آباد رہائش کا بل جمع نہیں کراتا تو پاکستان میں اسکی دوسری پراپرٹی کی بجلی بھی کاٹ دی جائے چاہے اسکا بل جمع کرایا ہو۔

ای پیپر-دی نیشن