• news

پاکستان ملائیشیا کو ہرا کر ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں پہنچ گیا، کل بھارت سے مقابلہ ہو گا

قانچیون(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد پنلٹی شوٹ آوٹ پر شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، چار سال پہلے بھی پاکستان ہاکی ٹیم نے پنلٹی سٹروکس پر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے 2010ء کی ایشین گیمز میں سلمان اکبر کی یاد کو تازہ کر دیا۔ قومی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لیے ایک قدم کی دوری پر ہے۔ کل دو اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے مد مقابل ہوگی۔ ملائیشیا کے سنہاک سٹیڈیم میں دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ پہلے ہاف میں پاکستانی ٹیم کو ملائیشیا پر برتری حاصل کرنے کے مواقع ملے لیکن فارورڈ لائن کی مسنگ سے گول ممکن نہ ہو سکا۔ میچ کے پہلے کوارٹر کے آخری منٹ میں ملائیشیا کو میچ کا پہلا پینلٹی کارنر ملا جس پر گول نہ ہو سکا۔ پہلے کوارٹر کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں کی جانب سے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی جس میں پاکستان کے محمد دلبر نے کھیل کے 26ویں منٹ میں گول کرنے کا سنہری موقع ضائع کر دیا۔ دوسرے ہاف کے آخری منٹ میں ملائیشین ٹیم کو میچ کا دوسرا پنلٹی کارنر ملا جس کا سیدھا بال پاکستانی گول کیپر عمران بٹ کے ماتھے پر لگا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ ٹیم ڈاکٹر نے طبی امداد دی۔ دوسرے کوارٹر میں بھی مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تیسرے کوارٹر میں اور میچ کے 36ویں منٹ میں پاکستان کو پہلا پنلٹی کارنر ملا جس پر کپتان ایم عمران نے بال کو جال میں پھینکنے کی کوشش کی تاہم ملائیشین گول کیپر کی جانب سے عمدہ سٹاپ دیکھنے میں آیا ریبونڈ پر شکیل عباسی نے شاٹ لگائی لیکن گول نہ ہو سکا۔ تیسرے کوارٹر میں بھی مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ چوتھے کوارٹر کے پہلے اور میچ کے 46 ویں منٹ میں ملائیشیا کی ٹیم کو تیسرا پینلٹی کارنر ملا جسے پاکستانی گول کپیر عمران بٹ نے خوبصورت انداز میں کلیئر کیا۔ چار منٹ کے وقفہ کے بعد پاکستان کو میچ کا دوسرا پنلٹی کارنر ملا جس پر کپتان نے بال کو ان ڈائریکٹ کرنے کی کوشش کی لیکن گول نہ ہو سکا۔ میچ کے 56ویں منٹ میں پاکستان کو تیسرا پنلٹی کارنر ملا جس پر بھی فل بیک ایم عرفان نے پش لگائی لیکن گول نہ ہو سکا۔ مقررہ وقت ختم ہونے تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد پنلٹی شوٹ آوٹ لگائی گئیں۔ پانچ پانچ پینلٹی شوٹ آئوٹ پر مقابلہ برابر رہنے کے بعد سڈن ڈیتھ پر پاکستانی گول کیپر عمران بٹ نے ملائیشین کھلاڑی کی شوٹ آوٹ کو روک کر فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔ اس سے قبل کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے کوریا کو ایک گول سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی جبکہ ساتویں آٹھویں پوزیشن کے میچ میں اومان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر ساتویں پوزیشن اپنے نام کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن