• news

لاہور: رکشہ ڈرائیور کا 4 سالہ بیٹا گٹر میں گر کر جاں بحق، لوگوں کا واسا کے خلاف مظاہرہ

لاہور (نامہ نگار) قائداعظم انڈسڑیل ایریا کے علاقہ میں رکشہ ڈرائیور کا 4 سالہ بیٹا کھلے مین ہول میں گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے مین ہول میں سے معصوم کی نعش نکال لی جبکہ پولیس نے بچے کے والد کے بیان پر واسا حکام کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مزنگ کے رہائشی ڈرائیور ایاز کا رکشہ  خراب ہو گیا، وہ رکشہ ٹھیک کرانے کیلئے گرین ٹاؤن جانے لگا تو اسکا 4 سالہ بیٹا اذان جو 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، وہ بھی ضد کر کے رکشے میں بیٹھ گیا۔ باپ بیٹا رکشے میں کوٹ لکھپت انڈسڑیل اسٹیٹ کے گیٹ نمبر دو پلی سٹاپ کے قریب ورکشاپ میں پہنچے جہاں کاریگر نے رکشہ ٹھیک کرنا شروع کردیا جبکہ ایاز نے اسکے پاس کھڑے ہو کر باتیں کرنا شروع کر دیں۔ اس دوران بچہ اذان سڑک  پر کھیلتے ہوئے کنارے کیساتھ کھلے مین ہول میں گر گیا۔ بچے کو غائب پاکر والد نے اسکی تلاش شروع کردی۔ کچھ دیر بعد اس نے مین ہول میں دیکھا تواس میں اسکے بیٹے کی نعش تیر رہی تھی۔ بیٹے کی نعش دیکھ کر ایاز نے دیوانہ وار رونا شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو مین ہول سے باہر نکال لیا۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ نعش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور ماں صدمے سے بیہوش ہو گئی۔ دریں اثنا اہل علاقہ نے اس سانحہ پر واسا حکام کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کر دی اور نعرے بازی کی۔ پولیس حکام نے موقع پر مظاہرین کو کارروائی کی یقین دہانی کرا کر منتشر کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گرین ٹائون میں 4 سالہ بچے کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن