فوج، عدلیہ کی حمایت سے بننے والی عبوری حکومت ہی تبدیلی لاسکتی ہے: مشرف
اسلام آباد (آن لائن) سابق صدرپرویزمشرف نے کہا ہے ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے فوج اور عدلیہ کی حمایت سے بننے والی عبوری حکومت ہی لاسکتی ہے ، فوج پر سیاستدانوں کی تنقید افسوسناک ہے، فوج کی موجودگی میں کبھی بھی پاکستان میں عراق اور شام جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوسکتی، دھرنوں کی وجہ سے ملک میں کافی تبدیلی آرہی ہے، تبدیلی کی بات نہ کرنے والے منافقت کررہے ہیں، لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، حکمران جہاں بھی جائیں گے گونوازگونعرہ ان کاپیچھاکریگا، گلوبٹ عظیم ہے جو پاگل پن کے باوجود رہا ہوگیا، حکومت یا توخود تبدیلی لے آئے یا پھرعوام اورپولیس کے درمیان تصادم انارکی پھیلادے گا، جس سے بھی تبدیلی آسکتی ہے، فوج ملک میں پھیلنے والی انارکی کو دیکھ کرکبھی چپ نہیں رہے گی، عوام کافوج سے افیئر سو فیصد قائم ہے، طالبان کی مرکزی قوت منتشرہوچکی ہے، اب سارانقصان صرف طالبان کاہی ہوگا۔ نجی ٹی وی کودیئے انٹرویو میں انکا کہنا تھا حکمرانوں کو اب سوچنا ہوگا بصورت دیگر وقت ان کے ہاتھوں سے نکل جائیگا۔