• news

خیبر پی کے میں اگلے ماہ بلدیاتی الیکشن ہونگے، جب تک زندہ ہوں دھرنا جاری رہے گا: عمران

اسلام آباد (وقت نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنا نواز شریف کے استعفے تک جاری رہیگا۔ دھاندلی کروانے پر ایک شخصیت کو بی ایم ڈبلیو گاڑی اور پلاٹ دیا گیا، میرے تمام اثاثوں کی تفصیل ویب سائٹ پر پڑی ہے۔ وقت نیوز کے پروگرام ’’8 پی ایم ود فریحہ ادریس‘‘ میں انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو پتہ ہے کہ دھاندلی کیخلاف انکوائری ہوئی تو وہ پھنس جائیں گے۔ ووٹ کے ذریعے لیڈر کو منتخب کرنا عوام کا بنیادی حق ہے، میرا یہی فیصلہ ہے کہ استعفے تک یہاں سے نہیں ہٹوں گا۔ لاہور میں اتنا بڑا جلسہ صرف 4 دن کے نوٹس پر کیا، میں تو اب چاہتا ہوں نواز شریف استعفیٰ نہ دیں اس سے میرا پیغام پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے تاہم استعفے کا مطالبہ اصولی ہے۔ انہوں نے کہا اب یہ تحریک دھرنے سے بہت آگے نکل چکی، میانوالی میں بھی جلسے کے بعد واپس اسلام آباد دھرنے میں پہنچوں گا۔ جوڈیشل کمشن اور انکوائری سے کوئی فائدہ نہیں ہونیوالا۔ ’’گو نواز گو‘‘ کی تحریک پورے ملک اور بیرون ملک بھی پہنچ چکی ہے۔ ساری جماعتیں کہہ رہی ہیں دھاندلی ہوئی ہے۔ چارٹر آف ڈیموکریسی، چارٹر آف مک مکا تھا۔ جاوید ہاشمی نے مجھے مایوس کیا۔ جاوید ہاشمی نے الزام لگایا کہ فوج میرے پیچھے ہے۔ اگر سکرپٹ ہوتا تو فوج آتی مگر نہیں آئی۔ فوج تو نہیں آئی اس کا مطلب جاوید ہاشمی جھوٹ بول رہا ہے۔ پارٹی کو نقصان نہیں ہوا، جاوید ہاشمی نے خود کو نقصان پہنچایا۔ میں انہیں بڑا سیاسی لیڈر سمجھتا تھا لیکن ایسا کچھ نہیں۔ 46 دن کا دھرنا ورلڈ ریکارڈ ہے، میں نے بنی گالہ کا بل نہیں دیا، دھرنے میں جلا دیا تھا، جنرل راحیل شریف سے بھی کہا مجھے نواز شریف پر اعتماد نہیں۔ ایاز صادق نے 10 ماہ سے سٹے آرڈر لے رکھا ہے۔ خیبر پی کے میں میٹرو نہیں ’’بس رین‘‘ بنا رہے ہیں۔ نواز شریف بس اتنا بتا دیں لندن اور پاکستان میں کتنا ٹیکس دیتے ہیں۔ میں نے پولیس سے اغوا کئے گئے کارکنوں کو چھڑوایا تھا۔ وزیراعظم 8 کروڑ روپے خرچ کر کے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کیا کرنے گئے۔ کالام میں 2 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ سارے گورنر ہائوسز کو پبلک پلیسز بنائیں گے۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں آزادی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے کانوں میں ایک ہی آواز گونجتی ہے ’’گو نواز گو‘‘۔ مینار پاکستان پر ملک کا سب سے بڑا جلسہ تھا، دھرنے کو فنڈز دینے والے ڈونرز کا شکرگزار ہوں، لاہور کے جلسے میں 7 سے 11 لاکھ کے قریب لوگ تھے، نوازشریف جدھر جائیں گے ایک ہی نعرہ سنیں گے ’’گو نواز گو‘‘۔ جمعہ کو بڑا دھرنا ہوگا، جب عینک پہنتا ہوں مسلم لیگ (ن) گھبرا جاتی ہے کیونکہ اس وقت نیا انکشاف کرتا ہوں۔ سعد رفیق کے حلقے میں 168 پولنگ سٹیشنز میں ووٹ نہیں، کاغذ ڈالے گئے۔ ابھی تک الیکشن کمشن نے فارم 14 کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کیا، دہشت گردوں کو پکڑے بغیر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہیں رک سکتی۔ بھیک مانگ کر ہم ترقی نہیں کرسکتے۔ نئے پاکستان میں ظلم اور ناانصافی برداشت نہیں کرینگے۔ کیا ہمارے لیڈروں میں اتنی جرأت ہے ڈرون حملوں کو غلط کہہ سکیں۔ ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ہمیں ڈرون حملوں پر آواز اٹھانی چاہئے۔ جب تک زندہ ہوں، دھرنے میں بیٹھوں گا۔ ڈپٹی کمشنر دھرنے میں کھانے پینے کی اشیاء لانے سے روک رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شیردل تم پاکستان کے ملازم ہو رائیونڈ کے نہیں۔ میرا ایک اثاثہ بھی بیرون ملک ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ جب وزیراعظم ٹیکس چوری، کرپشن کریگا تو ملک کیسے ترقی کریگا۔ خبر ملی ہے کہ دھرنے میں قربانی کے جانور نہیں لانے دئیے جائیں گے، پولیس کی تنخواہیں بڑھائیں گے، زمین کے کیسز گاؤں کی سطح پر حل کریں گے، ایبٹ آباد میں بھی جلسہ کیا جائیگا۔دریں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں نومبر میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نمے خیبر پی کے میں اپریل میں بلدیاتی انتخابات کرانے تھے، تاہم سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات نومبر میں کرائے جائیں۔ پنجاب اور سندھ نے سپریم کورٹ میں حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن