خورشید شاہ کا بیان پارلیمنٹ کی قراردادوں سے مختلف، ذاتی رائے ہو سکتی ہے پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے طاہر القادری کو کینیڈا میں بیٹھ کر پاکستان کی تقدیر بدلنے کا خیال آیا، طاہر القادری لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، طاہر القادری اور عمران خان دھرنوں کی آڑ میں حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے تھے۔ پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا پارلیمنٹ نے دھرنوں کے خلاف قراردادیں منظور کی ہیں، عمران خان خود ہی بیٹسمین، بولر اور امپائر بنے ہوئے ہیں۔ عوامی تحریک پارلیمان کا حصہ نہیں، مطالبات مان لئے لیکن عمران اور طاہر القادری ناکامی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ ایک سوال پر کہا خورشید شاہ کا انتخابات سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے، انکا بیان پارلیمنٹ میں پیش کی جانیوالی قراردادوں سے مختلف ہے۔ عوامی تحریک نے انتخابات سے پہلے بھی دھرنوں کا اعلان کیا تھا، عمران خان کے سیاست میں آنے سے قبل ہم نے وی آئی پی کلچر ختم کیا تھا۔ لاہور ایئرپورٹ پر کوئی وی آئی پی لائونج نہیں، نریندر مودی کے خلاف بھی امریکہ میں نعرے لگے، نعروں کی سیاست سے گھبرانے والے نہیں۔ دھرنوں کی آڑ میں خیبر پی کے میں خراب کارکردگی کو چھپایا جارہا ہے۔ عمران کے مطالبے پر سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کا کہہ دیا گیا، انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کیلئے اپنایا گیا طریقہ کار درست نہیں تھا۔ جمہوری معاشروں میں بڑے جلسوں کی فیصلہ کن حیثیت نہیں ہوتی۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے رضامندی کو کامیابی اور اہم پیشرفت قرار دیا۔