آئندہ سال پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی بحال ہونے کا امکان ہے: لینڈرونیگرے
انچیون(انٹرویو: چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لیندرو نیگرے نے کہا کہ ایشیا میں ہاکی کے فروغ کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاکی مقابلوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے جب تک ایسا نہیں ہوگا ایشیا میں ہاکی ترقی نہیں کر سکتی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو سیاسی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے جس کی بنا پر وہاں کوئی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ نہیں ہو پا رہا ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کے صدر کا کہنا تھا کہ 2015ء میں پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی دوبارہ بحال ہونے کا قوی امکان ہے جس کی لئے پلاننگ کی جا رہی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جو پاکستان کی ایجاد ہے کا دوبارہ پاکستان میں انعقاد ہو۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشین گیمز کے پول میچ کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ کو اہمیت ملی ہے جب تک یہ دونوں ممالک زیادہ ہاکی کھیلیں گے تو اس سے ہاکی کو ایشیا میں فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ سپانسرز بھی آگے آئینگے۔