• news

یونس خان فارم بحال کر کے واپس آسکتے ہیں‘ قومی ٹیم میں کوئی کمی نہیں‘ جذبہ کی ضرورت ہے: وقار یونس

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز پرتوجہ مرکوز ہے، اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔اُن کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جن کی موجودہ فارم اچھی ہے ،یونس خان فارم بحال کرکے ورلڈکپ سے پہلے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔دو سال میں ٹیم کو مضبوط اور ایک لڑی میں پرویا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں۔وہ نوائے وقت/دی نیشن سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے ساتھ اُن کی ڈومیسٹک کرکٹ میں حالیہ پرفارمنس کو مدنظر رکھ کر سلیکشن کی گئی ہے۔ محمد طلحہ اسی لیے ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے ۔عمرامین اور سہیل تنویر کو بھی اسی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔  ہمارا کوچنگ سٹاف زیادہ بڑا نہیں ہے، کوچ تو تین سے چار ہی ہیں۔ سعید اجمل سمیت دنیا کے تین اہم سپنرز کے بولنگ ایکشن پر حالیہ اعتراضات آئی سی سی کا درست اقدام نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹ سے قبل ایسا کرکے ٹیموں کا کمبی نیشن خراب کردیا گیا ہے، میرے خیال سے یہ وقت مناسب نہیں تھا۔ عمراکمل  میں بہت ٹیلنٹ ہے مگر وہ اب تک اس ٹیلنٹ کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا، اب اُسے پرفارم کرنا چاہیے۔  وہاب ریاض سے بہت اُمیدیں ہیں وہ انشا ء اللہ بہت اچھا پرفارم کرے گا۔ وقار یونس نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنا فٹنس لیول بہتر بنایا ہے، جرمانے اس لیے کیے گئے کہ مقررہ لیول اتک ابھی نہیں پہنچے مگر ہم اس طرف صحیح انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے، صرف تھوڑا جذبہ اور ٹیم سپرٹ مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ فیلڈنگ کے حوالے سے ہیڈکوچ پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ کرنا تو ہر کوئی پسند کرتا ہے مگر ہم مستقبل میں بہتر فیلڈنگ والے کھلاڑیوں کو ترجیح دیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن