• news

خیبر پی کے کی حالت ابتر ہو چکی، پرویز خٹک کو دھرنوں سے فرصت نہیں: میاں افتخار

لاہور (خصوصی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل و سابق صوبائی وزیر میاں افتخار نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پی کے میں آج بھی دہشت گردی اور ڈرون حملے جاری ہیں، طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نام پر مذاق کیا گیا، دھاندلی کا شور مچانے والوں نے ہم سے الیکشن اس طرح جیتا کہ ہمارے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے، ہمیں جلسے تک کرنے کی اجازت نہیں تھی، لوگ ووٹ ڈال رہے تھے اور ہم جنازے اٹھا رہے تھے۔ گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کی حالت ابتر ہو چکی ہے لیکن وہاں کے وزیراعلیٰ کو دھرنوں سے فرصت نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پنجابی طالبان نے تبلیغ کا ڈرامہ رچایا ہے ان کی حمایت ہرگز نہ کی جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتوں کا ایک ہونا اچھا شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے سیاسی مخالفین کے جائز مطالبات تسلیم کر لیں اور غیرآئینی مطالبات مسترد کر دیں۔

ای پیپر-دی نیشن