• news

جاوید ہاشمی سے مناظرے کو تیار ہوں، تحریک انصاف مارشل لاء کی مزاحمت کریگی: شاہ محمود

ملتان (آن لائن) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مارشل لاء لگایا گیا تو تحریک انصاف مزاحمت کریگی۔ سابق صوبائی وزیر پنجاب معین نیاز قریشی کی رہائشگاہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی سے ذاتی لڑائی نہیں تاہم خواہش ہے کہ جو ہوا وہ نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی سے مناظرے کیلئے تیار ہوں، عوام اب تبدیلی کی طرف جا رہے ہیں۔ جہازوں سے ارکان اسمبلی اور سنیٹرز کو اتار جا رہا ہے یہ تبدیلی ہے، عمران خان کو وزارت عظمیٰ کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنی ذات کیلئے ملکی مفاد کیلئے سیاست کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں جب میں ملتان کا ضلع ناظم تھا تو اسوقت گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول نے بلا کر کہا کہ آپ نے صدر مشرف کا استقبال کرنا ہے تو میں نے انکار کردیا۔ اس موقع پر مجھے بہت سی آفرز آئیں جو میں نے ٹھکرا دیں، میں چھٹی لیکر گھر چلا گیا اور بعد میں استعفیٰ دیدیا حالانکہ مجھے بہت لوگ استعفیٰ دینے سے روکتے رہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا عوام دونوں پارٹیوں سے مایوس ہو کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں، عوام کو عمران خان کی شکل میں ایک ایماندار اور دیانتدار لیڈر مل گیا ہے، عمران خان ملک کو بحران سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 ملتان میں طویل مشاورت کے بعد آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن