پولیو مہم جاری، گوجرانوالہ میں تشدد سے 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز زخمی
گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) علی آباد میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے بار بار دروازہ کھٹکھٹانے پر بے اولاد خاتون نے طیش میں آکر 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ علی آباد گلی حکیم معصوم والی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز ساجدہ اور نگہت بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے گئیں جہاں انہوں نے رقیہ بی بی کے گھر کی دستک دی تو خاتون نے آواز دیکر انہیں آگاہ کیا کہ اسکے گھر میں بچے نہیں ہیں مگر اسکے باوجود لیڈی ہیلتھ ورکرز دستک دیتی رہیں جس پر باہر نکلنے والی بے اولاد رقیہ بی بی کی انکے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہو گئی جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر زخمی ہونے والی ساجدہ اور نگہت کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر سول لائن پولیس کا کہنا تھا کہ رقیہ بی بی بے اولاد ہونے کی وجہ سے ذہنی مریضہ بھی ہے جس کیخلاف ساجدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے انسداد پولیو ٹیم پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کے بارے میں پولیس اور ضلعی حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں تین روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ اس دوران 58 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق پہلے دن تین لاکھ 58 ہزار بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہے۔ بچے موجود نہیں تھے اس لئے انہیں قطرے نہیں پلائے جا سکے، 763 بچوں کے والدین نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا، صرف لاہور میں 35 ہزار 500 بچے پہلے دن پولیو کے قطرے نہ پی کے۔ 86 والدین نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔ راولپنڈی میں 16 ہزار بچے پہلے دن پولیو کے قطرے نہ پی سکے۔ 346 والدین نے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔ ملتان اور فیصل آباد میں 20 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے جا سکے۔ آئی این پی کے مطابق کراچی میں انسداد پولیو مہم کے دوسرے دن چار اضلاع میں سیکورٹی نہ ملنے پر مہم ملتوی کر دی گئی، ضلع جنوبی اور ضلع غربی کے علاقوں میں مہم جاری رہی۔کراچی کے ہائی رسک ایریا میں ہونیوالی انسداد پولیو مہم دوسرے دن سکیورٹی کی عدم فراہمی پر ملتوی کر دی گئی۔ ان اضلاع میں مہم اب 3، 4 اور 5 اکتوبر کو چلائی جائیگی جن اضلاع میں مہم ملتوی کی گئی ان میں ضلع ملیر، ضلع وسطی، ضلع شرقی اور ضلع کورنگی شامل تھے۔