کھیل کے دوران سجدہ کرنے پر امریکن فٹ بال ٹیم کے مسلمان کھلاڑی کو ’’سزا‘‘
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی میڈیا کے مطابق امریکن فٹ بال ٹیم کینسس چیفس سٹی کے کھلاڑی حسین عبداللہ پر ٹچ ڈاؤن کرنے کے بعد سجدہ کرنے پر 15 یارڈ کی پنلٹی عائد کر دی گئی۔ حسین عبداللہ نے کھیل کے چوتھے کوارٹر میں ٹچ ڈاؤن کے بعد سجدہ کیا تھا۔ عبداللہ نے نیو انگلینڈ پیٹریئٹس کے خلاف چوتھے کوارٹر میں 39 یارڈ سے مخالف کھلاڑی کا پاس لے کر ٹچ ڈاؤن کیا۔ تاہم ریفری نے 29 سالہ عبداللہ پر ٹچ ڈاؤن کی خوشی منانے پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 15 یارڈ کی پینلٹی عائد کر دی۔ نیشنل فٹ بال لیگ کے سابق ریفری مائیک پریرا نے کہا کہ گھٹنوں پر بیٹھ کر دعا کرنا قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ عبداللہ ایک متقی مسلمان ہیں اور انہوں نے 2012 کا سیزن نہیں کھیلا تھا کیونکہ وہ اپنے بھائی حمزہ کے ساتھ حج پر گئے تھے۔ حالیہ سیزن میں این ایف ایل پر سماجی ایشوز کے حوالے سے کافی تنقید کی جا رہی ہے اور اس پنلٹی کی وجہ سے این ایف ایل کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا۔