پارلیمنٹ لاجز یوٹیلٹی بلز سے بقایا جات ختم، ارکان کو اصل واجبات بھیجے جائیں : قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نے ہدایت کی کہ 15 دن کے اندر پارلیمنٹ لاجز کے یوٹیلٹی بل سے بقایا جات علیحدہ کر کے اصل واجبات کے مطابق ارکان کو بل بھیجے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کو بغیر واجبات کی ادائیگی کے این او سی جاری کرنے والے افسران کے خلاف انکوائری کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کو پارلیمنٹ لاجز کا مکمل سروے کرکے چیئرمین سی ڈی اے کو 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی یہ بات قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے ہائوس اینڈ لائبریری کے اجلاس میں کہی جو ان کی زیر صدارت منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا، کمیٹی کے ارکان نے کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے اور پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ اضافی فیملی سویٹس کے تعمیراتی کام کے بروقت مکمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے اور گزشتہ 16ماہ کے دوران سی ڈی اے کی جانب سے ممبران کی شکایات کے حل کے لیے کوئی خاص کارکردگی دیکھنے میں نہیں آئی۔ انہوں نے کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی اور پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والے مرمتی کے کام کی نگرانی کے لئے ممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کو کمیٹی کے اجلاسوں میں اپنی حاضری اور کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔