تحریک انصاف آج میانوالی میں طاقت کا مظاہرہ کریگی، میچ جیت چکے، اگلی حکومت ہماری ہو گی: عمران خان، عید کے بعد شہر، شہر دھرنے دیں گے: طاہر القادری
اسلام آباد + میانوالی (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں آزادی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی ماں کی تربیت کی وجہ سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔ مغرب میں خواتین کو وہ عزت نہیں ملی جو پاکستان میں ہے لوگ اس انسان کی عزت کرتے ہیں جو اپنی عزت کرواتا ہے۔ پہلی بار خواتین پی ٹی آئی کے دھرنے میں آئیں۔ دنیا پر راج بمباری کرکے اور ڈرون برسانے سے نہیں کیا جاتا بلکہ اپنے کردار سے کیا جاتا ہے، علامہ اقبال کی سوچ تھی کہ ہم نے ایک ایسا ملک بنانا ہے جس میں اسلام ہو ۔ انگریزوں کی طرح پھٹی جینز پہن کر ذہنی غلامی نہیں کرنی۔ پاکستانی قوم میرے ساتھ ہے مغرب کی ضرورت نہیں۔ لاہور جلسے کے بعد ایک شخص نے 3 ارب روپے کی پیشکش کرکے خریدنا چاہا۔ میں نے انکار کر دیا کیونکہ میں بک نہیں سکتا۔ مجھے ایک خلیجی ملک نے پیسے دینے کی کوشش کی میں نے انکار کر دیا۔ نواز شریف نے خلیجی ممالک سے پیسے لئے۔ امیر وہ ہے جس میں غیرت ہو وہ بکتا نہیں۔ ہم کہتے ہیں دشمن کے ساتھ بھی انصاف ہونا چاہئے۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری نے عید الاضحی کے بعد شاہراہ دستور پر دھرنے کو تحریک میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ لاکھوں کارکنوں کو لے کر شہر شہر جا کر دھرنا دیں گے۔ وہ جلد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا گھر گھر سے ’’گو نواز گو‘‘ کی ریلی نکلے گی وہ تمام کارکنوں سے چند دنوں کی مہلت چاہتے ہیں لیکن وعدہ کرتے ہیں کہ کچھ عرصے بعد پھر انسانوں کا سمندر لے کر یہاں آئیں گے اور عید کے بعد ملک کے کونے کونے میں جا کر جلسے کر کے عوام کو جگائیں گے اور ہر شہر کو دھرنا بنائیں گے اور اس ظالم نظام کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے شاہراہ دستور پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ میں ہال کے اندر اور باہر گو نواز گو کے نعرے لگے تو پولیس نے لوگوں پر تشدد کیا لیکن اب وہ وقت دور نہیں جب شہری حکمرانوں اور پولیس پر تشدد کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کو معلوم نہیں تھا کہ ان کا قصور کیا ہے، ہم ظالم نظام کا خاتمہ کریں گے۔ پولیس افسر ٹھیک ہو جائیں پھر کبھی بھی کوئی جرم نہیں ہو گا اور ملک ٹھیک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قتل ہونے والوں کو معلوم نہیں تھا کہ ان کا قصور کیا تھا، پورا ملک پولیس سٹیٹ بن چکا ہے۔ دریں اثناء کراچی اور لاہور کے جلسوں کے بعد تحریک انصاف کے رہنما عمران خان آج میانوالی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ کو پی ٹی آئی کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے۔ 35 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں۔ بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے جلسہ کا سٹیج 19 فٹ اونچا 20 فٹ چوڑا اور 80 فٹ لمبا بنایا گیا ہے۔ سخت سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹ بھی لگائے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی پلان کی وجہ سے عمران خان کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اترنے کی جگہ کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے اترنے کے بعد انہیں جلوس کی شکل میں گورنمنٹ ہائی سکول روڈ کے راستے سٹیڈیم جلسہ گاہ لایا جانا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان عالمگیر خان کے مطابق جلسہ میں شیخ رشید کی آمد بھی متوقع ہے اور ضلع میانوالی کی کئی شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلانات بھی متوقع ہیں۔ جلسہ کا آغاز دن 3 بجے ہو گا۔ عمران خان، پرویز خٹک، شفقت محمود، عارف علوی، اسد عمر، صوبائی صدر اعجاز چودھری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری خطاب کریں گے۔ گذشتہ روز تحریک انصاف یوتھ ونگ اور شہریوں نے موٹرسائیکلوں پر پارٹی کے جھنڈے ہاتھوں میں تھامے ریلی نکالی گئی۔ ریلی جلسہ گاہ عمران خان سٹیڈیم سے شروع ہو کر بلو خیل روڈ، سول لائن روڈ، مین بازار روڈ، گورنمنٹ ہائی سکول روڈ وتہ خیل چوک اور جہاز چوک، کچہری روڈ سے چکر لگاتی ہوئی واپس جلسہ گاہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے عمران خان اور تحریک انصاف کے حق میں جبکہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔آن لائن کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں چور اور قاتل بیٹھے ہیں، ملک میں غریب کیلئے کوئی قانون نہیں نئے پاکستان میں کوئی تفریق نہیں ہوگی، میچ جیت چکے ہیں، اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔ گدھے کے اوپر لکیریں ڈالنے سے زیبرا نہیں بن جاتا۔ عمران خان نے کہا کہ سبھی انہیں غیرسیاسی، پاگل اور دیوانہ کہتے ہیں لیکن نیا پاکستان بنائیں گے۔