’’جمہوریت مخالف پارٹی میں نہیں رہ سکتا‘‘ جاوید ہاشمی تحریک انصاف کی صدارت، رکنیت سے مستعفی
ملتان (جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) این اے 149 سے امیدوار مخدوم جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کی صدارت اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کچھ منافق لوگ بھی شامل ہو چکے ہیں جو عمران کی سیاست کی تباہی کا باعث بنیں گے۔ میں ایسی پارٹی کا رکن نہیں رہنا چاہتا جو جمہوریت کے خلاف سازشیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی آزاد ہوں اور کسی جماعت کا حصہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی حکومت کی مذاکراتی ٹیم سے بنیادی ایشوز پر مذاکرات کی بجائے اپنے گھر پر حملے کا مقدمہ انسدادی دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کرانے کیلئے دبائو ڈالتے رہے۔ انہوں نے 3 روز تک حملے کے ملزم بلال بٹ کی گرفتاری کیلئے مذاکرات معطل رکھے۔ واضح رہے کہ بلال بٹ، احسان الدین قریشی سمیت کئی لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعدد بھی جاوید ہاشمی کے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود تھی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے ذاتی عناد پر اپنے گھر پر حملے کا مقدمہ درج کرایا جسے بعد میں گواہان نہ ہونے پر واپس لے لیا۔ اس موقع پر این اے 149 سے منیارٹی ونگ کے امیدوار بوٹا سرفراز نے مخدوم جاوید ہاشمی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس کے بعد لیگی کارکنوں نے رو عمران رو، گو عمران گو، نواز شریف شہباز شریف زندہ باد، ایک بہادر آدمی ہاشمی ہاشمی کے نعرے لگائے۔